ٹوٹی پھوٹی سڑکیں اور تجاوزات اندرون شہر لاہور کا بڑا مسئلہ بن گئیں
09-19-2023
(لاہور نیوز) ٹوٹی پھوٹی سڑکیں اور تجاوزات کی بھرمار اندرون شہر لاہور کا بڑا مسئلہ بن گئیں۔ مسائل کے باعث شہر کا حسن بری طرح گہنانے لگا۔
اِک شہر بے مثال کہلائے جانے والے لاہور کا قدیم حصہ ہزاروں سال پرانی تاریخ کا حامل ہے۔ اِس خطے میں آنے والے ہر حکمران نے مختلف انداز میں یہاں پر اپنے نقوش ثبت کیے جن میں بے شمار تو وقت کے ساتھ مٹ گئے لیکن بے شمار نقوش آج بھی موجود ہیں۔ یہ الگ بات کہ شہر کے بڑے حصے میں متعدد مسائل کی بھرمار، تاریخ کے اِن آثار کا حسن گہنا رہی ہے۔ اندرون شہر لاہور کے باسیوں کے مطابق تجاوزات اور ٹوٹی پھوٹی سڑکیں اور گلیاں بے شمار مسائل کا باعث بن رہی ہیں۔ شکوہ یہ بھی ہے کہ متعلقہ اداروں کی طرف سے شہر کے صرف ایک مخصوص حصے پر توجہ دی جا رہی ہے جبکہ شہر کے بڑے حصے کو یکسر نظرانداز کر دیا گیا ہے۔ دوسری طرف حکام صورت حال میں جلد بہتری کی نوید سنا رہے ہیں۔