موسلادھار بارش، سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں، متعدد فیڈرز ٹرپ

09-19-2023

(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں صبح صادق سے جاری موسلادھار بارش کے باعث شہر کی سڑکیں و گلیاں تالاب و ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں جبکہ متعدد فیڈرز بھی ٹرپ کر گئے ہیں۔

لاہور میں اب تک کے اعدادوشمار کے مطابق سب سے زیادہ بارش تاجپورہ میں 174 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی ہے، ایئرپورٹ پر 167، گلشن راوی میں 156، نشتر ٹاؤن میں 150، گلبرگ میں 141، جوہر ٹاؤن میں 121 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ اسی طرح قرطبہ چوک میں 101، اقبال ٹاؤن میں 96، اپر مال میں 95، لکشمی چوک میں 92، مغلپورہ میں 83، جیل روڈ پر 72، سمن آباد میں 71، پانی والا تالاب میں 47، فرخ آباد میں 37 اور چوک ناخدا میں 33 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ یہ بھی پڑھیں: شہر کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش، نشیبی علاقے زیر آب موسلادھار بارش کے باعث شہر کی متعدد سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کر رہی ہیں، جس کے باعث شہر میں ٹریفک بھی دباؤ کا شکار ہے، مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، مال روڈ فیصل چوک کے قریب بارش کے باعث درخت بھی سڑک پر آگرا جس سے مال روڈ پر ٹریفک کی روانی متاثر رہی۔ ادھر گھنٹوں سے جاری بارش کے باعث لیسکو کے 100 سے زائد فیڈرز بھی ٹرپ کر گئے ہیں، بیشتر علاقوں میں گھنٹوں سے بجلی غائب ہونے کی وجہ سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اس کو بھی پڑھیں: موسلادھار بارش، وزیراعلیٰ محسن نقوی کا انتظامیہ کو الرٹ رہنے کا حکم دوسری جانب  ضلعی انتظامیہ بھی سڑکوں سے نکاسی آب کے لیے متحرک دکھائی دے رہی ہے، کمشنر، ڈپٹی کمشنر اور چیئرمین واسا مختلف علاقوں کے دورے کررہےہیں۔ کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا نے قرطبہ چوک، عابد مارکیٹ، لکشمی چوک کا دورہ کیا اور نکاسی آب کے عمل کا جائزہ لیا، ڈپٹی کمشنر رافعہ حیدر نے بھی گارڈن ٹاؤن، قذافی سٹیڈیم و اطراف کے علاقوں کا دورہ کیا اور بارشی پانی کی جلد نکاسی کے لیے انتظامیہ کو ہدایات دیں۔