لاہور ہائیکورٹ: شیخ رشید کی گرفتاری، آئی جی پنجاب سمیت فریقین سے جواب طلب

09-19-2023

(ویب ڈیسک) لاہور ہائیکورٹ کے راولپنڈی بنچ نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کی گرفتاری پر آئی جی پنجاب سمیت فریقین سے جواب طلب کر لیا۔

لاہورہائیکورٹ راولپنڈی بنچ میں سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کی گرفتاری کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی جس میں شیخ رشید کے وکیل سردار عبدالرازق خان ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔ دوران سماعت  عدالت عالیہ نے آر پی او اور سی پی او راولپنڈی،  آئی جی پنجاب اور وفاقی حکومت سے رپورٹ طلب کرلی اور حکم دیا کہ شیخ رشید کی حراست سے متعلق فریقین 22 ستمبر تک رپورٹ جمع کرائیں۔ واضح رہے کہ چند روز قبل پنجاب پولیس نے شیخ رشید احمد کو راولپنڈی کی نجی ہاؤسنگ سوسائٹی سے گرفتار کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا تھا، شیخ رشید کے بھتیجے شیخ شاکر اور ملازم عمران کو بھی حراست میں لیا گیا تھا ۔ یاد رہے گزشتہ روز شیخ رشید کی گرفتاری کیخلاف سابق وزیر داخلہ کے وکلاء کیجانب سے لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی سے بنچ سے رجوع کیا گیا تھا۔ بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید کے وکیل سردار عبدالرازق ایڈووکیٹ  کا کہنا تھا کہ شیخ رشید سے متعلق ابھی تک کوئی معلومات فراہم نہیں کی جارہیں، عدالت نے تین دن کے اندر وفاقی حکومت اور راولپنڈی پولیس سے جواب طلب کیا ہے، ہمارے پاس ٹھوس شواہد ہیں شیخ رشید کے گھر پر راولپنڈی پولیس نے چھاپہ مارا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ہمارے پاس ہاؤسنگ سوسائٹی کے سکیورٹی کیمروں کی فوٹیج اور گواہان موجود ہیں، ایس ایس پی آپریشنز راولپنڈی فیصل سلیم نے نفری کے ہمراہ شیخ رشید کے گھر پر چھاپہ مارا، شیخ رشید کے خلاف پنجاب میں کوئی مقدمہ درج نہیں۔