نواز شریف کے استقبال کی تیاریاں، ن لیگ کا بلدیاتی کنونشن آج ہو گا

09-19-2023

(ویب ڈیسک) سابق وزیراعظم نواز شریف کی وطن واپسی پر استقبال کی تیاریوں کے حوالے سے مسلم لیگ ن کا بلدیاتی نمائندوں کو متحرک کرنے کیلئے بلدیاتی ورکرز کنونشن آج ہو گا۔

مسلم لیگ ن کے زیر اہتمام آج شریف میڈیکل کمپلیکس کے گراؤنڈ میں بلدیاتی کنونشن کا انعقاد کیا جائے گا، چیف آرگنائزر مسلم لیگ ن مریم نواز ورکرز کنونشن میں شریک ہوں گی، مسلم لیگ ن لاہور کے صدر سیف الملوک کھوکھر اور مقامی رہنما بھی ورکرز کنونشن میں شریک ہوں گے۔ بلدیاتی ورکرز کنونشن میں شہر کی 274 یونین کونسلز کے سابق چیئرمین، وائس چیئرمین ،کونسلرز اور یوسی  ٹکٹ ہولڈرز شرکت کریں گے، سابق لارڈ میئر لاہور کرنل ریٹائرڈ مبشر جاوید اور سابق ڈپٹی میئرز کو خصوصی مہمانوں کی حیثیت سے کنونشن میں مدعو کیا گیا ہے۔ شریف میڈیکل کمپلیکس کے گراؤنڈ میں بلدیاتی ورکرز کنونشن کے لیے پنڈال سجا لیا گیا ہے، بلدیاتی کنونشن میں دیگر اضلاع کے سابق میئرز، ڈپٹی میئرز،سابق ضلعی چیئرمین، وائس چیئر مین اور میونسپل کمیٹیوں کے سابق چیئرمین اور وائس چیئرمین  بھی شرکت کرینگے۔