شہر کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش، نشیبی علاقے زیر آب

09-19-2023

(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش کے باعث نشیبی علاقے زیرآب آگئے۔

لکشمی چوک، ایبٹ روڈ، گلبرگ، جیل روڈ، گارڈن ٹاؤن اور کاہنہ میں تیز بارش سے جل تھل ایک ہو گیا، چونگی امرسدھو، قینچی، والٹن، فیروز پور روڈ، اسٹیشن، شاہدرہ، اچھرہ میں بھی جم کر بادل برسے۔ مغل پورہ، مصطفیٰ آباد، نیلا گنبد، کوئنز روڈ، سمن آباد، راج گڑھ، شاد باغ، جلو پارک، محمود بوٹی، گڑھی شاہو، قلعہ گجر سنگھ سمیت دیگر مقامات پر بھی بارش کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا۔ رات گئے سے شروع ہونے والی موسلادھار بارش کے باعث شہر کے نشیبی علاقے زیر آب گئے، بیشتر علاقوں میں  بارش کا پانی گھروں میں داخل ہو گیا جس کے باعث علاقہ مکینوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ محکمہ موسمیات نے آج دن بھر وقفے وقفے سے بارش کی پیشگوئی کی ہے جبکہ بارشوں کا یہ سلسلہ 20 ستمبر تک جاری رہے گا، شدید بارشوں سے کچے مکانات، بجلی کے کھمبوں، سولر پینلز کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔