بھارت ہمارے معاشی ایجنڈے کی نقل کرکے کہاں پہنچ گیا اور ہم کہاں رہ گئے؟ نوازشریف

09-18-2023

(لاہور نیوز) مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ بھارت ہمارے معاشی ایجنڈے کی نقل کرکے آج کہاں پہنچ گیا اور ہم کہاں رہ گئے ہیں؟

ن لیگ کے سربراہ نے پنجاب کے پارٹی عہدیداروں کے گرینڈ مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے اپنا سیاسی سرمایہ داؤ پر لگا کر پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچایا، قوم کو معلوم ہونا چاہئے کہ اس کے مجرم کون ہیں، قوم کو انہیں معاف نہیں کرنا چاہئے، بعض نقصانات پورے ہوجاتے ہیں لیکن بعض کا ازالہ ممکن نہیں ہوتا، پاکستان کی تاریخ میں اتنی تلخیاں نہیں آنی چاہیے تھیں جتنی لائی گئیں، یہ کون لوگ ہیں جنہوں نے آج پاکستان کا یہ حشر کر دیا ہے۔ نوازشریف نے کہا کہ آج غریب روٹی کو ترس رہا ہے، ملک کو اس حال تک کس نے پہنچایا ہے؟ عوام روٹی کھائیں، بجلی کا بل ادا کریں یا دوائی خریدیں؟ قوم کو اس حالت تک پہنچانے والے کردار اور چہرے ہمارے سامنے ہیں، ہمارا تو ایک منٹ میں احتساب ہوتا ہے۔  انہوں نے کہا کہ کیا ملک و قوم کو اس حال تک پہنچانے والوں کا احتساب بھی کیا جائے گا؟ اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے ہمارے دور میں ملک ایٹمی قوت بنا، ملک کو جوہری قوت بنانے والے شخص کو جلا وطن کیا جاتا ہے، جیلوں میں ڈالا جاتا ہے اور دہشت گردی کی عدالت سے 27 سال کی سزا سنائی جاتی ہے۔ مسلم لیگ ن کے قائد نے مزید کہا کہ جو شخص ملک کو لوڈ شیڈنگ سے نجات دلاتا ہے، 4 جج بیٹھ کر کروڑوں عوام کے مینڈیٹ والے وزیراعظم کو گھر بھیج دیتے ہیں، اس کے پیچھے جنرل باجوہ اور جنرل فیض تھے اور جنرل باجوہ اور جنرل فیض کے آلہ کار ثاقب نثار اور آصف سعید کھوسہ تھے۔