جاوید میانداد بابراعظم کے حق میں بول پڑے،لیجنڈ کرکٹر کا کپتان اور کھلاڑیوں کے حق میں بیان

09-18-2023

(ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور لیجنڈ کرکٹر جاوید میانداد قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور دیگر کھلاڑیوں کے حق میں سامنے آ گئے۔

تفصیلات کےمطابق لیجنڈ کرکٹر جاوید میانداد  کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ ہماری ٹیم ایسی نہیں ہے جس طرح وہ ہاری، ہمیں غلطیوں سے سبق سیکھنا ہو گا۔کرکٹ کو سمجھنا بہت ضروری ہے، بیٹرز کے نمبرز غیر ضروری طور پر نہ تبدیل ہوں، ہر بیٹر کو پتہ ہے کہ فاسٹ بولر یا اسپنر کیا کر سکتا ہے، پلیئر کو پتہ ہونا چاہیے کہ باولر کو کیسے فیس کرنا ہے۔ جاوید میانداد نے قومی کھلاڑیوں کو مشورہ دیا کہ پریکٹس میں ممکنہ مقابلے کے حساب سے تیاری کریں، انڈیا میں بھی وہی کرکٹ کھیلنی ہے جو دنیا میں کہیں اور کھیلتے ہیں، آپ کو ہر کنڈیشن کے مطابق خود کو تیار کرنا ہوتا ہے۔ سابق کپتان قومی ٹیم نے کہا کہ آپ پروفیشنل پلیئر ہیں، کراوڈ کا پریشر نہ لیں اور صرف گیم پر فوکس رکھیں، وکٹوں کے حساب سے اپنی اپنی تیاری کرنا ہوتی ہے۔کپتان پر تنقید کے حوالے سے جاوید میانداد کا کہنا تھا اگر پوری ٹیم کچھ نہیں کر رہی تو کپتان پر تنقید کیا کریں، فیصلہ سازی کی مہارت تجربے کے ساتھ آتی ہے، ورلڈ کپ انڈیا میں ہو یا کہیں اور، کرکٹ تو بدل نہیں جائے گی۔