آئل ٹینکرز کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن نے شیئر نہ ملنے پر ہڑتال کر دی

09-18-2023

(لاہور نیوز) وائٹ پائپ لائن میں مناسب شیئر نہ ملنے کے خلاف کراچی آئل ٹینکرز کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن نے احتجاجاً ہڑتال کر دی۔

کراچی آئل ٹینکرز کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن نے شہر کے مختلف پارکنگ ایریاز میں آئل ٹینکرز کھڑے کر دیئے جبکہ دفاتر کے باہر اور پارکنگ ایریا میں بینرز لگا دیئے گئے۔ ایسوسی ایشن کے صدر عابد اللہ آفریدی کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں آج سے تیل کی فراہمی بند کی جا رہی ہے، گاڑیاں جہاں ہیں، وہیں روک دی گئی ہیں، وائٹ پائپ لائن میں 50 فیصد سڑک اور 50 فیصد ٹینکرز کے ذریعے دیا جائے، ہم نے نئی جدید گاڑیاں سپلائی کے لئے تیار کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پرانی اور نئی گاڑیوں کی تعداد 10 ہزار سے زائد ہے، لہٰذا اگر حصہ نہ ملا تو ملازمین بیروزگار اور گاڑیاں بیکار ہو جائیں گی۔