سروسز ہسپتال کے سرجیکل یونٹ کے ڈاکٹرز سہولیات کے فقدان پر سراپا احتجاج

09-18-2023

(لاہور نیوز) سروسز ہسپتال کے سرجیکل یونٹ کے ڈاکٹرز سراپا احتجاج بن گئے۔ ڈاکٹرز نے آپریشن تھیٹرز میں سہولیات کے فقدان اور ایم ایس کے رویے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور نعرے بازی کی۔

ڈاکٹرز نے بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر ایم ایس کے خلاف نعرے بازی بھی کی۔ ڈاکٹرز کے مطابق آپریشن تھیٹرز میں سہولیات کا فقدان ہے، اینستھیزیا مشینیں غیر فعال اور ادویات عدم دستیاب ہیں، ایم ایس منیر احمد ملک کو متعدد بار صورت حال سے آگاہ کیا مگر کوئی شنوائی نہیں ہوئی، الٹا ڈاکٹرز کے خلاف پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائیاں شروع کر دی گئیں۔ ایم ایس سروسز ہسپتال ڈاکٹر منیر احمد ملک نے کہا کہ احتجاج صرف ایک یونٹ کے ڈاکٹرز کر رہے ہیں جن کے مقاصد کچھ اور ہیں، تمام مشینیں ٹھیک ہیں، اصل وجہ چیئرمین پرچیز کی منظور نظر کمپنیوں کو ٹینڈر نہ دینا ہے۔ احتجاج کرنے والے ڈاکٹرز نے مزید کہا کہ مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو احتجاج کا دائرہ کار وسیع کر دیا جائے گا۔