واسا میں مبینہ طور پر جعلی بھرتیوں کے سکینڈل کا انکشاف

09-18-2023

(لاہور نیوز) واسا میں مبینہ طور پر جعلی بھرتیوں کا انکشاف ہوا ہے، واسا انتظامیہ پر ماضی میں 15 کروڑ روپے رشوت کے عوض ایک سو بھرتیاں کرنے کا الزام ہے، ڈائریکٹوریٹ جنرل آف آڈٹ ورکس کے مراسلے نے مبینہ جعلی بھرتیوں کا بھانڈا پھوڑ دیا۔

آڈٹ رپورٹ کے مطابق  واسا انتظامیہ نے ماضی میں اسسٹنٹ فیلڈ انسپکٹرز اور ڈرائیورز کے نام پر جعلی بھرتیاں کیں، جعلی بھرتیوں سے متعلق ریکارڈ کی فراہمی کے لئے ڈائریکٹر ایڈمن واسا کو مراسلہ ارسال کر دیا گیا ہے، آڈٹ ورکس کی ٹیم ذاتی حیثیت میں واسا دفتر میں جا کر ریکارڈ کا معائنہ کرے گی۔ مراسلے میں چار افسران کی ٹیم ریکارڈ کی فراہمی کے لئے مختص کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، ٹیم میں گریڈ 18 کا ایک، گریڈ 17 کے دو اور گریڈ 16 کا ایک  افسر شامل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ مراسلے  میں کہا گیا ہے کہ اسسٹنٹ فیلڈ انسپکٹرز اور ڈرائیورز کی بھرتی  کیلئے قابلیت کے معیار کے میٹنگ منٹس فراہم کیے جائیں، مالی سال 15-2014 اور اس کے بعد منظور شدہ بجٹ، انسپکٹرز کی منظور شدہ سیٹوں کی تفصیلات جمع کرائی جائیں، نظرثانی شدہ بجٹ میں اے ایف آئیز کی سیٹوں کی منظور شدہ تعداد بتائی جائے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پریس ایڈورٹائزمنٹ اور انٹرویو مارک شیٹ کی تفصیلات بھی واسا انتظامیہ سے طلب کی گئی ہیں، واسا میں 15 کروڑ روپے رشوت کے عوض ایک سو بھرتیاں کیے جانے کا الزام ہے۔