نواز شریف کی وطن واپسی کی تیاریوں بارے مریم نواز کی زیرِ صدارت اجلاس

09-17-2023

(ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر و چیف آرگنائزر مریم نواز کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا جس میں پارٹی قائد میاں نواز شریف کی وطن واپسی کے حوالے سے تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔

مریم نواز کی زیرِ صدارت ہونے والے اجلاس میں مسلم لیگ ن لاہور کی مختلف تنظیموں کے عہدیداران نے شرکت کی، اجلاس میں پارٹی قائد کی وطن واپسی پر استقبال کی تیاریوں اور دیگر امور کا جائزہ لیا گیا۔ پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ قائد مسلم لیگ ن نواز شریف نے اپنی صاحبزادی مریم نواز کو فوری طور پر لندن بھی طلب کر لیا ہے، مریم نواز کی آئندہ ہفتے لندن روانگی متوقع ہے جہاں ان کے ایک ہفتے قیام کا امکان ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ مریم نواز سابق وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کریں گی جس میں نواز شریف کی وطن واپسی کے معاملات کو حتمی شکل دی جائے گی، مریم نواز سابق وزیراعظم کو استقبالیہ پلان کے حوالے سے بریف کریں گی اور ملک کے موجودہ سیاسی و آئینی معاملات پر بھی مشاورت ہو گی۔ خیال رہے کہ مسلم لیگ ن اور خود نواز شریف نے بھی اپنی وطن واپسی کے لیے 21 اکتوبر کی تاریخ کا اعلان کر رکھا ہے۔