بھارتی کمنٹیٹر نے نسیم شاہ کی انجری کو پاکستان کیلئے 'بڑا نقصان' قرار دیدیا

09-17-2023

(ویب ڈیسک)معروف بھارتی کمنٹیٹر ہرشا بھوگلے نے قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر نسیم شاہ کی انجری کو پاکستان کیلئے بڑا نقصان قرار دیدیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر معروف بھارتی کمنٹیٹر ہرشا بھوگلے نے ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ “ لگتا ہے کہ نسیم شاہ کے بارے میں خبر اس سے زیادہ خراب ہے جو لگ رہی تھی، اگر وہ اس سے محروم ہو گئے تو یہ گرین شرٹس کیلئے بہت بڑا نقصان ہوگا”۔ یاد رہے کہ ایشیا کپ کے دوران روایتی حریف بھارت کے خلاف میچ میں نسیم شاہ میچ کے 46 ویں اوور میں دائیں کندھے کی انجری کا شکار ہوئے تھے جس کے باعث وہ اپنے مقررہ 10 اوورز کا کوٹہ بھی پورا نہیں کرسکے تھے جبکہ اُسی میچ میں بیٹنگ کیلئے بھی نہیں آئے تھے۔ واضح رہے کہ فاسٹ باؤلر کا دبئی میں مکمل چیک اَپ کیا گیا، جس کی رپورٹ تسلی بخش نہیں آئی جبکہ انہیں سنجیدہ نوعیت کی انجری کا انکشاف ہوا ہے۔ اطلاعات کے مطابق نسیم شاہ نہ صرف ورلڈ کپ بلکہ کم ازکم 6 ماہ کے لیے کرکٹ سے دور ہوسکتے ہیں، قومی ٹیم کو میگا ایونٹ کیلئے ٹیم کا اعلان آئندہ ہفتے تک کرنا ہوگا۔