6 ملکی فٹبال ٹورنامنٹ کھیلنے کیلئے پاکستان ویمن ٹیم سعودی عرب روانہ ہوگئی

09-17-2023

(ویب ڈیسک) 6 ملکی فرینڈلی فٹبال ٹورنامنٹ میں شرکت کیلئے پاکستان ویمن فٹبال ٹیم سعودی عرب روانہ ہوگئی۔

سعودی عرب میں 18 سے 30 ستمبر تک جاری رہنے والے ٹورنامنٹ میں چھ ٹیمیں شریک ہوں گی جس میں پاکستان اور میزبان سعودی عرب کے علاوہ ملائشیا، لاؤس، لبنان اور بھوٹان کی ٹیمیں شامل ہیں۔ ایونٹ کیلئے پی ایف ایف نے گزشتہ روز 22 کھلاڑیوں کا اعلان کیا تھا، قومی سکواڈ سپورٹنگ سٹاف کے ساتھ ہفتے کی شام لاہور سے سعودی عرب روانہ ہوا، ٹیم کو پہلے جمعہ کی شام روانہ ہونا تھا لیکن ائیرلائن کی جانب سے فلائٹ شیڈول تبدیل کردیا گیا تھا اور پی ایف ایف کو اس کی اطلاع نہیں دی گئی تھی جس کی وجہ سے قومی فٹبالرز جمعہ کو ایئرپورٹ سے واپس آگئے تھے۔ طائف میں ہونیوالے ایونٹ میں پاکستان کی ٹیم پہلا میچ 21 ستمبر کو ملائیشیا اور دوسرا میچ 24 ستمبر کو سعودی عرب کے خلاف کھیلے گی۔ گروپ میں ٹاپ ٹو پوزیشن پر آنے کی صورت میں پاکستان سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرے گا، ورنہ پانچویں پوزیشن کیلئے دوسرے گروپ پر تیسرے نمبر کی ٹیم سے مقابلہ کرے گا۔ ایونٹ کیلئے اعلان کردہ پاکستان ویمن ٹیم میں گول کیپرز میں نیشا اشرف، رومیسا خان اور مافیہ پروین ، ڈیفینڈرز میں ملیکہ ، مشال بھٹی، صوفیہ قریشی ، نزالیہ صدیقی ، نورین بیگ اور سارا خان کو شامل کیا گیا ہے۔ مڈ فیلڈ کیلئے کپتان ماریہ خان، علیحہ علاؤالدین، کائنات بخاری، رامین فرید، ماروی بیگ اور علیزہ صابر شامل ہیں۔ اس کے علاوہ فارورڈز میں صنوبرعبدالستار، زہمینہ ملک، ذولفیا نذیر،عالیہ صادق، انمول ہیرا، سوہا ہیرانی اور اسرا خان ٹیم میں شامل ہیں۔