پاکستان ویمننز کرکٹ ٹیم ایشین گیمز میں گولڈ میڈل کی ہیٹ ٹرک کرنے کیلئے پرامید
09-17-2023
(ویب ڈیسک) پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم چین میں ہونے والے ایشین گیمز میں ایک بار پھر گولڈ میڈل لینے کیلئے پر امید ہے۔
پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم 2010 اور 2014 کے ایشن گیمز میں گولڈ میڈل جیت چکی ہیں اور اب قومی ویمن کرکٹرز گولڈ میڈلز کی ہیٹ ٹرک کرنے کیلئے پر امید ہیں۔ ایشین گیمز کیلئے چین روانگی سے قبل پاکستان ویمن ٹیم کی کھلاڑیوں عالیہ ریاض، منیبہ علی اور نشرہ سندھو کا کہنا تھا کہ پاکستان ٹیم ایونٹ میں ایک بار پھر سرخرو ہوگی۔ سینئر آل راؤنڈر عالیہ ریاض کا کہنا تھا کہ ایشین گیمز میں پہلے دو مرتبہ گولڈ میڈل جیتا، اس بار بھی جیتیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایشین گیمز کیلئے تیاریاں کافی اچھی ہیں، جنوبی افریقا کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز جیت کر حوصلے بلند ہوئے ہیں، پہلے کی طرح اس بات بھی گولڈ میڈل جیتیں گے۔ واضح رہے کہ عالیہ ریاض نے جنوبی افریقا کے خلاف حال ہی میں ہونے والی سیریز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے قومی ٹیم کی جانب سے نمایاں پرفارمنس دی تھی ۔ قومی ٹیم کی سینئر بیٹر منیبہ علی کا کہنا تھا کہ کوشش کریں گے کہ ایشین گیمز میں اپنا ریکارڈ برقرار رکھیں۔ نشرہ سندھو نے کہا کہ بلند حوصلوں اور اچھی تیاریوں کے ساتھ چین جا رہے ہیں، ایشین گیمز میں میڈل جیتنے کی پوری کوشش کریں گے ۔ واضح رہے کہ ایشین گیمز میں شرکت کیلئے ویمن ٹیم گزشتہ رات چین روانہ ہوگئی، ایشین گیمز میں پاکستان ویمن ٹیم براہ راست کوارٹر فائنل کھیلے گی۔ سیمی فائنل میں اس کا مقابلہ سری لنکا سے ہونے کا امکان ہے اور فائنل میں پاک بھارت ٹاکرا ہوسکتا ہے۔