دفاعی چیمپئن شبیر اقبال نے چیف آف نیول سٹاف اوپن گالف چیمپئن شپ جیت لی

09-17-2023

(ویب ڈیسک) دفاعی چیمپئن شبیراقبال نے سی این ایس اوپن گالف چیمپئن شپ کے پروفیشنلزایونٹ کا ٹائٹل جیت لیا۔

چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے کامیاب گالفرز میں انعامات تقسیم کیے، چیمپئن شپ کی انعامی رقم ایک کروڑ 11 لاکھ روپے پرمشتمل تھی۔ کراچی گالف کلب میں ہونے والی چیف آف نیول سٹاف گالف چیمپئن شپ کے آخری روز پروفیشنلز کیٹگری میں دلچسپ و سنسنی خیز مقابلے ہوئے۔ شبیراقبال نے آخری روز  شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور تین انڈر پار 69 سکور کیا اور مجموعی سکور 274 کے ساتھ ٹائٹل جیت لیا۔ شبیراقبال پہلے روز دسویں پوزیشن پرتھے، احمد بیگ نے بھی آخری روز تین انڈر پار 69 سکور کیا اور دوسری پوزیشن لی، محمد اشفاق جو چھٹے نمبر پر تھے، چوتھے روز چھ انڈر66 سکور بنایا اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے، محمد شہزاد جو کل تک ٹاپ پوزیشن پر تھے چھٹے نمبر پر آئے۔ سینئر پروفیشنلز کا ٹائٹل محمد طارق نے جیت لیا جب کہ جونئیر پروفیشنلز کا ٹائٹل ایم راشد بیگ نے جیتا۔ چیمپئن شپ کی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی تھے جنہوں نے چیمپئن شپ کے شاندارانعقاد پر پاک بحریہ کے منتظمین اور سپانسرز کی کاوشوں کو سراہا۔  انہوں نے کہا کہ پاک بحریہ ملک میں کھیلوں کے ذریعے صحت مند سرگرمیوں کے فروغ کے لیےکوشاں ہے، چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے تقریب کے اختتام پر کامیاب گالفرز میں انعامات بھی تقسیم کیے۔