کوہ پیما شہروز کاشف دنیا کی آٹھویں بلند ترین چوٹی دوبارہ سر کرینگے

09-17-2023

(ویب ڈیسک) پاکستان کے نوجوان کوہ پیما شہروز کاشف نیپال میں واقع 8163 میٹر بلند اوردنیا کی آٹھویں بلند ترین چوٹی ماؤنٹ مناسلو کو ازسرنو سر کرنے کیلئے تیار ہیں۔

پاکستانی کوہ پیما شہروز کاشف اور سرباز علی نے 2021 میں ماؤنٹ مناسلو کو سر کرلیا تھا تاہم ان کے سمٹ کے بعد انکشاف ہوا تھا کہ پہاڑی کا بلند ترین پوائنٹ وہ نہیں جہاں اب تک ہر کوہ پیما جا رہا تھا بلکہ اس سے دس میٹر آگے ہے۔ اگرچہ شہروز کاشف اور ان کے ساتھ سربازعلی کی سمٹ کو قانونی تسلیم کرلیا گیا تھا لیکن دونوں کوہ پیماؤں نے اعلان کیا تھا کہ وہ اصولوں کی پابندی کرتے ہوئے حقیقی سمٹ تک جائیں گے۔ شہروز کاشف اور سرباز علی اس وقت مناسلو بیس کیمپ پر موجود ہیں اور اپنی سمٹ پش کیلئے روٹیشن مکمل کرچکے ہیں۔ دوسری جانب پاکستانی خاتون کوہ پیما نائلہ کیانی بھی آٹھ ہزار میٹر سے بلند اپنی نویں چوٹی سر کرنے کیلئے مناسلو پہنچ چکی ہیں۔ نائلہ کیانی آٹھ ہزار میٹر سے بلند آٹھ چوٹیاں سر کرنے والی واحد پاکستانی خاتون ہیں اور وہ مناسلو سر کرنے کے بعد ایسا کرنے والی بھی پہلی پاکستانی خاتون کوہ پیما بن جائیں گی۔ نائلہ کیانی اب تک ماؤنٹ ایوریسٹ، کے ٹو، نانگا پربت، گیشر برم ون، گیشر برم ٹو، اناپورنا، لوٹسے اور براڈ پیک سر کرچکی ہیں۔ تینوں پاکستانی کوہ پیما پیر کو اپنی حتمی مہم کا آغاز کریں گے اور یہ تینوں 20 ستمبر تک مناسلو کے ٹاپ پر پہنچنے کا ہدف رکھتے ہیں ۔ یاد رہے کہ پاکستانی کوہ پیما ساجد سدپارہ گزشتہ سال مناسلو کے حقیقی سمٹ کو سر چکے ہیں۔