نوازشریف بیروزگاری کے خاتمے کیلئے آرہے ہیں، حنیف عباسی

09-16-2023

(ویب ڈیسک) مسلم لیگ ن کے رہنما حنیف عباسی نے کہا سابق وزیراعظم نوازشریف ملک سے بیروزگاری، دہشتگردی کے خاتمے کے لئے آرہے ہیں۔

مسلم لیگ ن کے رہنما حنیف عباسی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا چودھری تنویر لندن میں تھے، نوازشریف سے کیا بات ہوئی خود بتائیں گے، مقامی قیادت یہاں موجود ہے، سابق وزیراعظم نوازشریف کے استقبال کی تیاریاں شروع کر دی ہیں، تمام ساتھیوں کو ڈیوٹیاں تفویض کر دی گئی ہیں، راولپنڈی کو دلہن کی طرح سجائیں گے دنیا دیکھے گی۔ حنیف عباسی نے کہا جب بجلی نہیں تھی دہشتگردی تھی تو ہم نے اضافی بجلی بنائی، سی پیک مکمل ہونے جارہا تھا، ہم سے 16 ماہ کا حساب نہ مانگیں، اس میں 13 جماعتیں شامل تھیں، نوازشریف کی جب حکومت گرائی گئی تو حالات بہت اچھے تھے، سابق وزیراعظم بے روزگاری، دہشتگردی کے خاتمے کے لئے واپس آرہے ہیں۔ چودھری تنویر نے کہا یہاں بیٹھے لوگ کئی دہائیوں سے میاں صاحب کے ساتھ ہیں، میں نے دعوت دی تھی کہ اسلام آباد اتریں، ہم موٹر وے کے ذریعے چھوڑ کر آئیں گے، نواز شریف نے پنجاب، بلوچستان کا نقشہ بدلا، یہ لیڈر کی نشانی ہوتی ہے، اصل محرک کو دیکھنا ہو گا، کون روڑے اٹکاتے ہیں، جو ملک تباہ ہوئے ان کی سرحدیں محفوظ نہیں تھیں۔ چودھری تنویر نے مزید کہا شہر تو شہر دیہات بھی نواز شریف کے دور میں ترقی کر رہے تھے، میں یوتھ سے پوچھتا ہوں پی ٹی آئی نے ایک پراجیکٹ بھی یوتھ کے لئے دیا ہو، اس نے نوجوان نسل کو برباد کر دیا، کسی کو بغیر پیسوں کے نوکری نہیں دی، ہمیں اس شہر سے پلاننگ کے تحت ہرایا گیا تاکہ ترقی کا راستہ روکا جا سکے، ہمارے ناراض ساتھی اس ایجنڈے پر ہمارے ساتھ کھڑے ہوں۔