جناح ہاؤس حملہ کیس، 34 ملزموں کی ضمانتوں پر سماعت 19 ستمبر تک ملتوی

09-16-2023

(لاہور نیوز) جناح ہاؤس حملہ کیس میں ملوث 34 ملزموں کی ضمانتوں پر سماعت 19 ستمبر تک ملتوی ہو گئی۔

9مئی کو جناح ہاؤس لاہور و دیگر املاک پر حملے کے معاملے پر انسداد دہشت گردی عدالت کی ایڈمن جج عبہر گُل نے بطور ڈیوٹی جج سماعت کی۔ سپیشل پراسیکیوٹر فرہاد علی شاہ نے دلائل دیے کہ انسداد دہشت گردی عدالت نمبر 3 میں نئے جج تعینات ہو رہے ہیں، نئے جج آ کر ضمانتوں پر سماعت کریں گے، عدالت سے استدعا ہے کہ سماعت ملتوی کی جائے۔ خدیجہ شاہ ، صنم جاوید ، روبینہ جمیل ، سمیعہ اسد ، بابر حسین اور فیاض احمد سمیت 34 دیگر ملزموں کی ضمانتوں پر سماعت ہوئی۔ عدالت نے ملزمان کے وکلا کو آئندہ متعلقہ عدالت میں دلائل مکمل کرنے کی ہدایت کر دی۔ ملزمان نے مقدمہ میں بغاوت سمیت دیگر نئی دفعات شامل ہونے پر دوبارہ ضمانتیں دائر کیں۔ عدالت نے پی ٹی آئی رہنما  ڈاکٹر یاسمین راشد ، عمر سرفراز چیمہ ، اعجاز چودھری  اور میاں محمودالرشید کے جوڈیشل ریمانڈ میں 28 ستمبر تک توسیع  کر دی۔ ملزمان کو عدالت  میں پیش  کرکے حاضری لگائی  گئی۔ عدالت  نے  جناح ہاؤس حملہ میں ملوث 158 دیگر  ملزموں کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا۔ ملزمان کو سات روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر پیش کیا گیا۔ عدالت نے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ملزمان کے فون کا ریکارڈ بغیر جسمانی ریمانڈ بھی حاصل کیا جا سکتا ہے۔ ملزمان کے خلاف مقدمہ میں بغاوت  اور عوام کو فسادات پر اکسانے سمیت دیگر دفعات شامل کر دی گئیں ۔