ترقیاتی منصوبوں میں کرپشن، محمد خان بھٹی کی تفتیشی رپورٹ احتساب عدالت میں جمع

09-16-2023

(لاہور نیوز) ترقیاتی منصوبوں میں کرپشن اور کک بیکس وصول کرنے کے معاملے پر نیب لاہور نے محمد خان بھٹی اور محمد ریاض دونوں ملزمان کی تفتیشی رپورٹ احتساب عدالت میں جمع کروا دی۔

نیب لاہور نے ترقیاتی منصوبوں میں کرپشن اور کک بیکس وصول کرنے کے کیس کی رپورٹ عدالت پیش کر دی۔ نیب رپورٹ کے مطابق نیب لاہور نے محمد خان بھٹی اور محمد ریاض دونوں ملزمان کو دوران تفتیش آمنا سامنا کروایا۔ دونوں ملزمان سے شریک ملزمان کی شناخت سے متعلق ریکارڈ اکھٹا کیا۔ کک بیکس کی رقم سے متعلق دونوں ملزمان نے دو مختلف بیان دیئے۔ رپورٹ میں تحریر کیا گیا کہ محمد خان بھٹی کے بیٹے شہریار خان کے بینک اکاؤنٹ میں سو ملین رقم منتقل ہوئی۔ ملزم محمد خان بھٹی اس رقم سے متعلق کوئی خاطر خواہ جواب نہیں دے سکا ہے ۔ محمد خان بھٹی سے اس رقم سے متعلق ذرائع آمدن معلوم کرنا درکار ہے ۔ محمد خان بھٹی کو اس رقم سے متعلق  یاداشت کے لیے مزید مہلت دی گئ۔ شریک ملزم محمد ریاض کے بیٹے عرفان ریاض کے بینک اکاؤنٹ میں بھاری رقم منتقل ہوئی ۔ ملزم محمد ریاض سے بھی ذرائع آمدن سے متعلق تفتیش درکار ہے ۔ نیب نے استدعا کی کہ عدالت دونوں ملزمان کا جسمانی ریمانڈ فراہم کرے جبکہ کک بیکس کیس میں محمد خان بھٹی جسمانی ریمانڈ پر نیب کے پاس ہیں۔ محمد ریاض کو عدالت نے جوڈیشل کر دیا تھا۔