بجلی کی قیمتوں میں کمی کے لیے بجلی چوری روکنا ضروری ہے، چیئرمین نیپرا
09-16-2023
(لاہور نیوز) چیئرمین نیپرا وسیم مختار کا کہنا ہے بجلی کی قیمتوں میں کمی کے لیے بجلی چوری روکنا ضروری ہے۔
ایکسپو سنٹر میں انرجی کانفرنس کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین نیپرا وسیم مختار کا کہنا تھا کہ اس وقت بجلی کی پیداواری صلاحیت 48 ہزار میگاواٹ ہے، این ٹی ڈی سی کسی بھی پلانٹ کی پیداواری قیمت کو دیکھ کر بجلی حاصل کرتا ہے، انرجی پر پرائیویٹ سیکٹر کے کام بارے ہمیں بھی انفارمیشن کی ضرورت ہے، بجلی کی بڑھتی قیمتوں کو روکنے کے لیے ضروری ہے کہ بجلی چوری کو روکا جائے، سٹاف کے خلاف کارروائی اور پرائیویٹ سیکٹر کو بھی میدان میں لایا جائے۔ چیئرمین نیپرا کا کہنا تھا کہ عوام کو سستی بجلی فراہم کرنے کے لیے سخت فیصلے کرنا ہونگے، عوامی سماعت کے بعد قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ کیا جاتا ہے، نیپرا کوشش کرتا ہے کہ عوام پر کم سے کم بوجھ پڑے۔ چیئرمین نیپرا وسیم مختار کا کہنا تھا کہ اگر کوئی پیداواری کمپنی اور بجلی کی تقسیم کار کمپنی پٹیشن دائر کرتی ہے تو نیپرا عوامی ریلیف کا عنصر بھی مد نظر رکھتا ہے، توانائی کے شعبہ میں فری مارکیٹ لا رہے ہیں، صارف کا جس کمپنی سے بجلی خریدنے کا ارادہ ہو وہ خرید سکے گا۔