ناک صاف کرکے سونے سے خراٹوں کو روکا جاسکتا
09-16-2023
(ویب ڈیسک) دانتوں کے ماہرڈاکٹر ایک عرصے سے کہہ رہے کہ دانتوں کو برش کرکے سونا بہت ضروری ہے تاہم اب ان کا اصرار ہے کہ رات کو ناک صاف کرنا بھی اتنا ہی ضروری ہے۔ بالخصوص اس سے گہری نیند آتی ہے اور خراٹوں سے بھی نجات مل سکتی ہے۔
برطانوی ماہرِ دنداں، ڈاکٹر سیبسٹیان لوماس نے کہا ہے کہ ناک کی اچھی طرح صفائی سے سانس کی نالیوں کو آرام ملتا ہے، عضلات پرسکون رہتے ہیں، جس سے خراٹوں کو بھی روکا جاسکتا ہے۔ سب سے اہم بات یہ ہے کہ سانس کی نالیاں صاف رہنے سے ہموار سانس آتا ہے اور رات کو اچھی اور گہری نیند میں مدد ملتی ہے۔ ڈاکٹر لوماس کے مطابق ناک صاف کرنے سے سانس کی نالیوں میں ہوا کی آمدورفت سے تھرتھراہٹ نہیں ہوتی اور یوں خراٹوں سے بچا جاسکتا ہے۔ ڈاکٹر سیبسٹیان کے مطابق اگر رات کے وقت سونے سے پہلے ناک کو اچھی طرح صاف کرنے کی عادت اپنالی جائے تو اس سے بہت سے فوائد حاصل ہوسکتےہیں۔ نیند کے دوران حلق کی پشت پر موجود سانس کی نالی کی بافتیں تھرتھراتی ہیں جس سے ارتعاش اور آواز پیدا ہوتی ہے اور یوں ہم خراٹے لیتے ہیں۔ اسی لیے ناک کی صفائی بہت ضروری ہے۔