سائفر کیس: چیئرمین پی ٹی آئی نے درخواست ضمانت دائر کردی

09-16-2023

(ویب ڈیسک) چیئرمین پی ٹی آئی نے سائفر کیس میں اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست ضمانت دائر کر دی۔

سابق وزیراعظم نے اپنے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر کے ذریعے ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی جس میں انہوں نے عدالت سے ضمانت پر رہا کرنے کی استدعا کی۔ انہوں نے درخواست میں کہا کہ استغاثہ نے بدنیتی پر مبنی مقدمہ درج کیا اور چیئرمین پی ٹی آئی کو بدنیتی سے اس من گھڑت مقدمے میں نامزد کیا گیا، 14 ستمبر کو آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی خصوصی عدالت نے درخواست ضمانت مسترد کرتے ہوئے بے ضابطگیوں و استغاثہ کے متعدد تضادات کو مکمل طور پر نظر انداز کیا۔ یاد رہے کہ آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی خصوصی عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست ضمانت مسترد کردی تھی۔ جج ابولحسنات ذوالقرنین کی جانب سے تحریر کردہ فیصلے میں کہا گیا کہ ہمیں اس بات کو نظر انداز نہیں کرنا چاہیے کہ یہ ایک ٹاپ سیکرٹ کیس ہے اور چیئرمین پی ٹی آئی، شاہ محمود قریشی کے خلاف ناقابل تردید شواہد کیس سے تعلق ثابت کرنے کے لیے کافی ہیں، ملزمان آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی سیکشن 5 اور 9 اور ناقابل ضمانت دفعات کے بظاہر جرم کے مرتکب ٹھہرے ہیں۔