پاکستانی کرکٹ ٹیم کا سپن اٹیک انتہائی کمزور پڑگیا

09-16-2023

(ویب ڈیسک) پاکستانی کرکٹ ٹیم کا سپن اٹیک انتہائی کمزور پڑگیا۔

ایشیا کپ میں سازگار کنڈیشنز کے باوجود پاکستانی سپنرز کی کارکردگی قابل رشک نہیں رہی، محمد نواز نے 94 کی اوسط سے صرف ایک وکٹ لی، شاداب خان 40.83 کی ایوریج سے 6 شکار کر پائے، ان میں سے 4 وکٹیں 27 رنز کے عوض نیپال سے میچ میں حاصل کیں، دیگر میچز میں حریفوں کیلئے بڑا خطرہ ثابت نہیں ہوسکے۔ پارٹ ٹائم بولر افتخار احمد کی کارکردگی نائب کپتان سے بہتر رہی، انھوں نے 30.50کی اوسط سے 4 وکٹیں لیں، ان میں سے 3 سری لنکا کیخلاف جمعرات کے میچ میں تھیں۔ دوسری جانب بھارتی سپنر کلدیپ یادو نے  11.33کی ایوریج سے 9اور سری لنکن ڈنیتھ ویلالیگے نے 17.20کی اوسط سے 10شکار کئے ہیں۔ پاکستانی پیسرز میں سب سے کامیاب حارث رؤف  نے 13.33 کی ایوریج سے 9 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، بہترین بولنگ 19 رنز کے بدلے  4وکٹیں رہی، نسیم شاہ نے 20کی اوسط سے 7 اور شاہین شاہ آفریدی نے 23.50کی ایوریج سے 10پلیئرز کو پویلین بھیجا، فہیم اشرف نے 2مقابلوں میں 101 کی اوسط سے ایک شکار کیا۔ بیٹنگ چارٹ میں سب سے بہترین ایوریج 97.50 کے ساتھ 195 رنز محمد رضوان نے بنائے، انہوں نے سب سے بڑی اننگز رنز86 کی کھیلی، افتخار احمد نے 89.50 کی اوسط سے 179 رنز سکور کیے،اس میں ایک سنچری شامل تھی۔ عبداللہ شفیق نے ایک ہی اننگز میں 52 رنز سکور کیے، بابراعظم 51.50 کی ایوریج سے 207رنز بنا کر پاکستانی ٹاپ سکورر رہے۔ نیپال کیخلاف 151رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد وہ بیٹنگ میں صلاحیتوں کے روایتی جوہر نہیں دکھا پائے، امام الحق نے 30.66کی اوسط سے 92رنز بنائے، وہ ایک ففٹی بنانے کے سوا ناکام رہے، سلمان علی آغا نے 20 کی ایوریج سے 40 اور فخرزمان نے 16.25کی اوسط سے 65 رنز بنائے جبکہ شاداب خان نے 5میچز کی 3اننگز میں بیٹنگ کا موقع ملنے پر صرف 13رنز سکور کیے۔