پاکستان میں بھی الیکٹرک کاریں بنانے کی تیاریاں شروع

09-16-2023

(ویب ڈیسک) چین کی الیکٹرک کاریں بنانے والی کمپنی نے پاکستان میں نیا کار پلانٹ اور ملک کے دیگر بڑے شہروں میں شورومز قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق یہ اعلان سنکیانگ جنگی چینگ گروپ کے اسسٹنٹ چیئرمین جی یو زونگ کوان کی زیر قیادت وفد نے ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر امین اللہ بیگ کے ساتھ ملاقات کے موقع پر کیا۔ زونگ کوان نے مزید کہا کہ کمپنی کے طویل المدتی کاروباری منصوبے میں پاکستان میں مکمل طور پر مقامی پیداواری پلانٹ لگانا شامل ہے جس میں ایک مکمل شوروم نیٹ ورک بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاریں پاکستان کے سفر کا اہم ذریعہ ہیں اور تیل کی بڑھتی ہوئی عالمی قیمتوں نے پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کیا ہے، جس سے لوگ نقل و حمل کے دیگر طریقوں کو تبدیل کرنے پر مجبور ہیں۔ سنکیانگ جنگی چینگ گروپ 5 صنعتوں میں مصروف عمل ہے، جن میں الیکٹرو میکنیکل اور ہائیڈرولک، لائٹ پاور، گاڑیاں، عالمی تجارت اور پیدوار اور خدمات شامل ہیں۔ اس موقع پر امین اللہ بیگ نے چینی کمپنی کے وفد سے کہا کہ وہ سرمایہ کاری منصوبے میں تیزی لائیں جو مشترکہ طور پر فائدہ مند ہے، انہوں نے مشاہدہ کیا کہ پاکستان کے عوام میں چینی آٹو برینڈز انتہائی مقبول ہیں اور چین کا الیکٹرک گاڑیوں کی ٹیکنالوجی کی پیش رفت میں اہم کردار ہے۔