پی آئی اے کا ماہانہ خسارہ 12 ارب روپے تک پہنچنے کا انکشاف

09-16-2023

(ویب ڈیسک) قومی ایئر لائن (پی آئی اے ) کا ماہانہ خسارہ 12 ارب روپے تک پہنچنے کا انکشاف سامنے آیا ہے جبکہ مجموعی خسارہ اور واجبات 740 ارب روپے کے لگ بھگ ہیں۔

وزارت خزانہ کی دستاویز میں قومی ایئر لائن (پی آئی اے ) کا ماہانہ خسارہ 12 ارب روپے تک پہنچنے کا انکشاف ہوا۔ وزارت خزانہ نے پی آئی اے قرض پرسود، خسارہ برداشت کرنےسے انکار کر دیا اور کہا کہ پی آئی اے نے کمرشل بینکوں کو قرض پر ماہانہ 8 ارب سے زائد سود ادا کرنا ہے۔ دستاویز میں کہا گیا کہ پی آئی اے نے کمرشل بینکوں سے حکومتی گارنٹی پر 260 ارب قرض لیا ہوا ہے، پی آئی اے ایف بی آر کو 1 ارب 25 کروڑ روپے ٹیکس اور سول ایوی ایشن کو ماہانہ 1 ارب سے زائد کی ادائیگی نہیں کر رہا۔ ذرائع نے بتایا کہ پی آئی اے کی ماہانہ آمدن 22 ارب اور اخراجات 34 ارب تک ہیں، پی آئی اے کا مجموعی خسارہ اور واجبات 740 ارب روپے کے لگ بھگ ہے۔ نگران وزیرخزانہ نے نجکاری ڈویژن، پی آئی اے انتظامیہ سے نجکاری پلان مانگ لیا ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کی نجکاری فوری عمل میں لانے کی تجویز ہے۔