ایشیا کپ میں شکست پر پی سی بی پریشان، سابق کرکٹرز مشاورت کیلئے طلب

09-16-2023

(ویب ڈیسک) ایشیا کپ کے فائنل سے آؤٹ ہونے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ فکرمندی کا شکار ہوگیا، پی سی بی نے سابق کپتانوں اور سابق کرکٹرز کو مشاورت کیلئے بلا لیا۔

ذرائع کے مطابق پی سی بی ورلڈ کپ سے قبل سابق کرکٹرز سے مشاورت کرے گا، ایشیا کپ میں ہونے والی کوتاہیوں اور ورلڈ کپ کے سکواڈ کے حوالے سے صلاح مشورہ کیا جائے گا، پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکاء اشرف بڑے فیصلے کرنے سے قبل سابق کرکٹرز کی رائے لینے کے خواہش مند ہیں۔ اس حوالے سے ذکاء اشرف نے کہا ہے کہ ہم چاہتے ہیں پاکستان ٹیم ورلڈ کپ میں بہترین کارکردگی دکھائے، ایشیا کپ میں جو بھی غلطیاں ہوئیں ان کا جائزہ لیا جائے گا، ورلڈکپ میں پاکستانی ٹیم سے قوم مایوس نہیں ہوگی۔ خیال رہے کہ ورلڈ کپ 2023ء کیلئے تاحال پاکستان ٹیم کے حتمی سکواڈ کا اعلان نہیں کیاجا سکا، ورلڈکپ کیلئے قومی ٹیم کے سکواڈ کا اعلان آئندہ ہفتے متوقع ہے۔