مہنگائی کے ستائے عوام پر ایک اور پٹرول بم گرا دیا گیا

09-16-2023

(لاہور نیوز) نگران حکومت نے مہنگائی اور بجلی کے بلوں سے ستائے عوام پر تیسرا پٹرول بم گرا دیا، قیمت میں 26 روپے 2 پیسے کا بڑا اضافہ کر دیا گیا۔

وزارت خزانہ نے پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کر دیا، پٹرول کی قیمت میں 26 روپے 2 پیسے کا بڑا اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 331 روپے 56 پیسے ہو گئی ہے۔ وزارت خزانہ کے مطابق ہائی سپیڈ ڈیزل 17 روپے 34 پیسے مہنگا کیا گیا ہے جس کے بعد نئی قیمت 329 روپے 18 پیسے ہو گئی، پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ فوری طور پر نافذ العمل ہو گا۔ یاد رہے کہ 31 اگست کو پٹرول کی قیمت میں 14 روپے 91 پیسے فی لیٹر جب کہ ڈیزل کی قیمت میں 18 روپے 44 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا تھا جس کے بعد پاکستان میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں۔