پی آئی اے کی بندش کے متعلق خدشات اور خبریں بے بنیاد ہیں،ترجمان پی آئی اے
09-15-2023
(لاہور نیوز) پی آئی اے کے مالی حالات سے متعلق ادارے کا اعلامیہ جاری ہو گیا۔
ترجمان پی آئی اے عبدالرحمان کے مطابق پی آئی اے کی بندش کے متعلق خدشات اور خبریں بے بنیاد ہیں۔ پی آئی اے کی بندش کی 15 ستمبر کی تاریخ دینے سے پی آئی اے کی ساکھ بہت مجروح ہوئی۔ انتظامیہ فنڈز کےاجرا میں مصروف تھی اور تقاضے مکمل کرکے حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔ پی آئی اے انتہائی ضروری ملکی اور بین الاقوامی ادائیگیاں کر رہا ہے۔ ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی بھی کر دی گئی۔ پی آئی اے کا آپریشن تسلسل سے جاری ہے اور پروازیں آپریٹ ہو رہی ہیں۔ ترجمان کا کہنا ہے پی آئی اے کا دنیا بھر میں مضبوط نیٹ ورک موجود ہے۔ پی آئی اے کے پاس بین الاقوامی اور اندرون ملک پروازوں کیلئے مناسب تعداد میں طیارے موجود ہیں۔ پی آئی اے کا فضائی آپریشن جاری ہے۔