مہنگائی 38 سے 27 فیصد پر آگئی، کچھ مسائل ہیں لیکن ہم گھبرا نہیں رہے: وزیر خزانہ

09-15-2023

( لاہور نیوز) نگران وزیر خزانہ شمشاد اختر نے کہا ہے کہ ملک کو بہت سے مسائل کا سامنا ہے، ہم ان مسائل سے گھبرا نہیں رہے، مہنگائی 38 فیصد سے کم ہو کر 27 فیصد پر آگئی ہے۔

نگران وزیر اطلاعات، وزیر توانائی محمد علی اور وزیر خزانہ شمشاد اختر نے میڈیا کو بریفنگ دی، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شمشاد اختر نے کہا کہ حکومتی اقدامات سے مختلف شعبوں میں بہتری آئی ہے، حکومتی اقدامات سے فصلوں کی بہتر پیداوار حاصل ہو گی، فصلوں کی بہتر پیداوار حاصل ہونے سے بہتر نتائج سامنے آئیں گے۔ شمشاد اختر کا کہنا تھا کہ روپیہ کافی حد تک مستحکم ہو گیا ہے، یہ بڑی پازیٹو چیز ہے، انہوں نے کہا کہ مائیکرو اکنامکس انڈی کیٹرز معاشی بحالی کو ظاہر کر رہے ہیں، اقتصادی مشکلات ختم ہو رہی ہیں، زرمبادلہ کے ذخائر بھی بہتر ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکس نیٹ کو نہیں بڑھایا گیا، جو لوگ ٹیکس نہیں دیتے انہیں ٹیکس نیٹ میں لائیں گے، آئی ایم ایف کے ساتھ جو ٹارگٹ طے پایا ہے اسے پورا کریں گے، ٹیکس ریونیو کے ٹارگٹ کو پاکستان کی خاطر پورا کرنا ہے، ٹیکس وصولی کے نظام کو بہتر اور آسان بنانے پر کام جاری ہے، مقامی انڈسٹری کو چلانے کے لیے درآمدات بھی بہت اہم ہیں۔ نگران وزیر خزانہ نے کہا کہ سمگلنگ کی روک تھام سے روپے کی قدر میں بہتری آئی، کوئی بھی ملک برداشت نہیں کر سکتا کہ ان کی کرنسی کے ساتھ کھیلا جائے، ایکسچینج کمپنیوں کے نظام کو ریگولیٹ کیا جا رہا ہے، کرنسی کی سمگلنگ کی روک تھام کے لیے مزید سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ڈاکٹر شمشاد اختر نے کہا کہ ہم سرمایہ کاروں کو ون ونڈو سہولت دیں گے، ایس آئی ایف سی میں بہت اچھا کام ہو رہا ہے۔