بابراعظم چیمپئن بیٹر، مشکل صورتحال سے نکل آئیں گے: میتھیو ہیڈن

09-15-2023

(ویب ڈیسک) سابق آسٹریلوی کرکٹر میتھیو ہیڈن نے بابراعظم کو چیمپئن بیٹر قرار دے دیا۔

ایشیا کپ سپر 4مرحلے میں بھارت کیخلاف بابراعظم بڑی اننگز نہیں کھیل پائے، دوسری جانب ویرات کوہلی نے جارحانہ سنچری سے ٹیم کی فتح کا سفر آسان بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ سابق آسٹریلوی کرکٹر میتھیو ہیڈن نے اس حوالے سے سوال پر کہا کہ بابراعظم چیمپئن ہیں، وہ کئی بار اسی طرح کی صورتحال سے نکلنے میں کامیاب ہو چکے،چیمپئنز ایسا ہی کیا کرتے ہیں،اگر اب تک بابر کے کیریئر اعداد وشمار کا تقابلی جائزہ لیں تو وہ ویرات کوہلی سے آگے دکھائی دیتے ہیں،اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ان کا پاکستانی بیٹنگ لائن اپ میں کتنا اہم کردار ہے،بابراعظم اس لیے امیدوں کا محور نہیں کہ کندھوں پر کپتان کی ذمہ داری ہے بلکہ اپنے ٹیلنٹ کی بدولت بھی وہ بیٹنگ یونٹ کی جان ہیں۔ میتھیو ہیڈن نے کہا کہ ہم سب سمجھتے ہیں پاکستانی بیٹنگ بابراعظم کی فارم پر بہت زیادہ انحصار کرتی ہے، بیشتر میچز میں انہوں نے توقعات کا بوجھ اٹھایا بھی ہے،اگر کبھی ان کی کارکردگی عروج پر نہیں ہوتی تو ٹیم پر بھی اثر پڑتا ہے، اچھی بات ہے کہ یہ صورتحال مستقل نہیں ہوتی اور کپتان بھرپور کم بیک کرتے ہوئے اپنے کردار سے انصاف کرتے ہیں۔ یاد رہے کہ ایشیا کپ میں بابراعظم نے نیپال کیخلاف 151رنز کی اننگز کھیلی تھی مگر بنگلہ دیش اور بھارت کیخلاف میچ میں ان کا بیٹ نہیں چل سکا، سری لنکا سے میچ میں بھی وہ بڑی اننگز نہیں کھیل پائے،اس صورتحال میں پاکستان ٹیم کے سابق بیٹنگ کنسلٹنٹ میتھیو ہیڈن عالمی نمبر ون بیٹر کے دفاع میں سامنے آگئے ہیں۔