گیس چوری کیخلاف مہم،241 کنکشن منقطع، 27 لاکھ جرمانہ وصول

09-15-2023

(ویب ڈیسک) سوئی ناردرن نے گیس چوری کے خلاف مہم کے دوران پنجاب، خیبر پختونخوا اور اسلام آباد میں مزید 241گیس کنکشن منقطع کردیئے جبکہ گیس چوری میں ملوث افراد سے 27 لاکھ روپے وصول کیے جائیں گے۔

ترجمان ایس این جی پی ایل نے بتایا کہ کریک ڈاؤن کے دوران ایک بڑی کارروائی میں مردان کے علاقے میں گیس کا 5کلومیٹر طویل غیر قانونی نیٹ ورک پکڑا گیا جسے ریجنل ٹیم نے منقطع کردیا، لاہور میں بیدیاں روڈ پر فارم ہاؤس میں گیس کا غیر قانونی کنکشن منقطع کردیا گیا۔ لاہور میں ہی یو ایف جی ٹاسک فورس نے کارروائی کرتے ہوئے تجارتی مقاصد کیلئے گھریلو کنکشن کے استعمال پر گیس کنکشن منقطع کر دیے، دیگر کارروائیوں میں سوئی ناردرن گیس نے پشاور میں گیس کے براہ راست استعمال، غیر قانونی کنکشن پر مجموعی طور پر30 کنکشن منقطع کیے جانے کے علاوہ گیس چوری 14 لاکھ سے زائد رقم بک کی۔ راولپنڈی میں ریجنل ٹیم نے 11گیس کنکشن منقطع کرنے کے علاوہ 277000 کی رقم بک کی، لاہور میں کمپریسر کے استعمال پر دو جبکہ گیس کے غیر قانونی استعمال پر گیارہ کنکشن منقطع کردیے گئے۔