ون وے کی خلاف ورزی، موقع پر 2 ہزار جرمانہ کرنے کا حکم

09-15-2023

(لاہور نیوز) لاہورہائیکورٹ نے ون وے کی خلاف ورزی کرنے والوں کو 2 ہزار روپے موقع پر جرمانہ کرنے کا حکم دے دیا۔

لاہور ہائیکورٹ میں سموگ کے تدارک کیلئے درخواستوں پر سماعت ہوئی،جسٹس شاہد کریم نے لاہور میں جگہ جگہ ترقیاتی منصوبے شروع کرنے پر اظہار برہمی کیا۔ جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ نگران پنجاب حکومت نے کون سا الیکشن لڑنا ہے جو اتنے منصوبے شروع کر دیئے گئے، نگران حکومت تو کمال کر کے دکھانے کے چکر میں پڑ گئی۔ عدالت نے ون وے کی خلاف ورزی کرنے والوں کو موقع پر ہی دو ہزار روپے جرمانے کی ادائیگی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ون وے کی خلاف ورزی روکنے کیلئے سیمنٹ بیریئرز بھی لگائے جائیں  جس پر ایل ڈی اے کے وکیل نے کہا کہ 500 سیمنٹ بیریئرز ٹریفک پولیس کے حوالے کر دیئے گئے ہیں۔ جسٹس شاہد کریم نے کہا کہ نگران حکومت والے کس سے تعریفیں لینے کے چکر میں پڑ گئے ہیں، ایل ڈی اے کے وکیل نے کہا کہ کچھ پروجیکٹ شروع کئے ہیں ان پر کام جاری ہے۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ستمبر سے جنوری تک سموگ کا سیزن ہوتا ہے اور اس عرصے میں کوئی ترقیاتی منصوبہ شروع نہیں ہونا چاہئے، دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کیخلاف صرف چالان کافی نہیں ہے، اس حوالے سے میکنزم بنایا جائے۔