جناح ہاؤس حملہ کیس: پی ٹی آئی کی پہلی خاتون رہنما کی ضمانت منظور

09-15-2023

(لاہور نیوز) جناح ہاؤس حملہ کیس کے مرکزی مقدمے میں نامزد پہلی سیاسی خاتون رہنما کی ضمانت منظور ہوگئی۔

انسداد دہشتگردی عدالت نے سابق رکن قومی اسمبلی روبینہ جمیل کی ضمانت بعدازگرفتاری منظور کرنے کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔ جج اعجاز بٹر نے تحریری فیصلہ جاری کیا ہے، روبینہ جمیل مرکزی ایف آئی آر میں ضمانت لینے والی پہلی ملزمہ ہیں۔ عدالت نے تحریری حکم میں کہا ہے کہ میڈیکل گراؤنڈ پر روبینہ جمیل کی ضمانت منظورکی جاتی ہے، پولیس ریکارڈ کے مطابق بھی ملزمہ خالی ہاتھ تھی، وہ صرف سیاسی نعرے بازی کر رہی تھی۔ عدالتی حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ ملزمہ روبینہ جمیل کی 1لاکھ روپے کے مچلکوں کےعوض ضمانت منظور کی گئی ہے، ضمانت منظور ہونے کے باوجود روبینہ جمیل کی رہائی ممکن نہیں ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف آئی آر میں پولیس مزید دفعات کا اضافہ کر چکی ہے، مرکزی ایف آئی آر میں مزید دفعات میں ملزمہ کو نئی ضمانت کرانا ہو گی۔ ذرائع نے مزید کہا کہ ملزمہ روبینہ جمیل کیخلاف مزید 2 مقدمات بھی درج ہیں اور باقی دونوں مقدمات میں بھی روبینہ جمیل کو ضمانت کرانا ہو گی۔