ایف آئی اے نے 156 انتہائی مطلوب انسانی سمگلرز کی ریڈ بک جاری کر دی

09-15-2023

(ویب ڈیسک) وفاقی تحقیقاتی ادارے( ایف آئی اے) نے انتہائی مطلوب انسانی سمگلرز کی ریڈ بک جاری کر دی، جس میں 156 انسانی سمگلرز شامل ہیں۔

تفصیلات کے مطابق بہتر مستقبل کا جھانسہ دے کر یورپ سمیت دیگر ممالک بھیجنے والے انسانی سمگلروں کے گرد گھیرا تنگ کردیا گیا ہے۔ وفاقی تحقیقاتی ادارے( ایف آئی اے) نے انتہائی مطلوب انسانی سمگلنگ میں ملوث اشتہاریوں کی بارہویں ریڈ بک جاری کردی، 176 صفحات میں مشتمل ریڈ بک میں ایف آئی اے کو مختلف مقدمات میں 156 انسانی سمگلرز مطلوب ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف ایف آئی اے کے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکلز میں متعدد مقدمات درج ہیں، ریڈ بک کے مطابق ایف آئی اے لاہور زون کو 20، گوجرانوالہ زون 71، فیصل آباد زون 12 اور ملتان زون کو 3 ملزمان مطلوب ہیں۔ اس کے علاوہ اسلام آباد زون 34، کراچی زون کو 12، بلوچستان اور کے پی زون کو دو، دو انسانی سمگلرز مطلوب ہیں۔ ایف آئی اے کے مطابق انسانی سمگلرز کی گرفتاری کے لئے کریک ڈاؤن جاری ہے، مطلوب ملزمان کے شناختی کارڈ اور پاسپورٹس بلیک لسٹ کئے گئے ہیں۔