200 وکٹیں مکمل کرنے پر پی سی بی کا شاداب کیلئے خصوصی سوینیئر

09-15-2023

(ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے قومی ٹیم کے وائس کپتان شاداب خان کو انٹرنیشنل کرکٹ میں اہم سنگ میل عبور کرنے پر سپیشل سوینیئر پیش کیا گیا ۔

پی سی بی کی جانب سے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شیئر کی گئی ہے جس میں قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ گرانٹ بریڈ برن کی جانب سے شاداب خان کو سپیشل سوینیئر پیش کیا گیا۔ شاداب خان کو انٹرنیشنل کرکٹ میں 200 وکٹیں حاصل کرنے پر خصوصی شیلڈ پیش کی اور اس موقع پر قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ نے بتایا کہ شاداب خان نے ایشیا کپ میں بنگلا دیش کے خلاف میچ میں اپنی 200 انٹرنیشنل وکٹیں مکمل کیں، ٹیم منیجر ریحان الحق شاداب خان کو سوینیئر پیش کریں۔ شاداب خان کو شیلڈ پیش کرنے کے بعد منیجر قومی ٹیم ریحان الحق کا کہنا تھا ہم ایک میچ ہارے ہیں اس کا یہ مطلب نہیں کہ ہم نے جو اچیومنٹ حاصل کی ہیں ان کی خوشیاں نہ منائیں، ہم گزشتہ تین مہینے میں پہلا میچ ہارے ہیں، شاداب خان آج سے 7 سال پہلے ٹیم میں آیا اور آج اس نے 200 انٹرنیشنل وکٹیں مکمل کر لی ہیں، شاداب اور پوری ٹیم بہت ہی شاندار ہے اور مجھے اس ٹیم پر فخر ہے۔