وفاقی کابینہ کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس، 17 افراد کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش

09-14-2023

(ویب ڈیسک) وفاقی کابینہ کی ذیلی کمیٹی برائے ای سی ایل نے 17 افراد کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش کر دی۔

وفاقی کابینہ کی ذیلی کمیٹی برائے ای سی ایل کا اجلاس ہوا، اجلاس میں نگران وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی اور نگران وزیر مواصلات و ریلویز شاہد اشرف تارڑ  نے شرکت کی، اجلاس میں وزارت داخلہ، وزارت قانون اور دیگر اداروں کے افسروں نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں ای سی ایل سے متعلق مختلف نوعیت کے کیسز کا جائزہ لیا گیا، ذیلی کمیٹی نے مختلف محکموں اور ایجنسیوں کی طرف سے بھیجے جانے والے 17 افراد کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش کی، 7 مختلف نوعیت کے کیسز کو ای سی ایل سے نکالنے کی بھی سفارش کی گئی۔ اجلاس میں نظر ثانی کے لئے پیش کی گئی اپیلوں میں سے 5 افراد کے نام ای سی ایل سے نکالنے کی سفارش کی گئی، ذیلی کمیٹی کی سفارشات حتمی منظوری کے لئے نگران وفاقی کابینہ کو ارسال کی جائیں گی۔