ایشیا کپ: پاکستان نے سری لنکا کو جیت کیلئے 253 رنز کا ہدف دے دیا

09-14-2023

(ویب ڈیسک) ایشیا کپ کے اہم میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو جیت کیلئے 253 رنز کا ہدف دے دیا۔

پاکستان  نے سری لنکا کیخلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 42 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 252 رنز بنائے، پاکستان کی جانب سے محمد رضوان نے رنز کی شاندار ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ عبداللہ شفیق نے اپنے ون ڈے کیریئر کی پہلی نصف سنچری بنائی۔ قبل ازیں کولمبو میں شیڈول پاک سری لنکا میچ سے قبل بارش کے باعث ٹاس تاخیر سے ہوا، قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم  نے سری لنکا کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔ بارش کی وجہ سے میچ میں تاخیر کے باعث دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ 45،45 اوورز تک محدود کیا گیا بعدازاں میچ کے دوران 28 ویں اوور میں دوبارہ بارش کے باعث میچ کو 42،42 اوورز تک محدود کر دیا گیا۔ پاکستان کی جانب سے محتاط آغاز کے باوجود پہلی وکٹ 9 رنز پر گر گئی، فخر زمان 11 گیندوں پر 4 رنز بنا کر بولڈ ہو گئے جبکہ دوسری وکٹ کپتان بابر اعظم کی گری جو 35 گیندوں پر 29 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ بلے باز عبداللہ شفیق 52 جبکہ محمد حارث 9 گیندوں پر 3 رنز بنا کر کیچ آؤٹ جبکہ محمد نواز 12 گیندوں پر 12 رنز بنا کر بولڈ ہو گئے، افتخار احمد 47 اور شاداب خان 3 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ پاکستان کو فائنل تک رسائی کیلئے ہر صورت میچ میں کامیابی حاصل کرنا ہو گی، پاکستان کی جانب سے سری لنکا کیخلاف اعلان کردہ سکواڈ میں دو تبدیلیاں کی گئیں، امام الحق اور سعود شکیل کی جگہ پر عبداللہ شفیق اور فخر زمان کو ٹیم کا حصہ بنایا گیا۔