ڈینگی وائرس کا پھیلاؤ رک نہ سکا، 42 نئے مریض رپورٹ

09-14-2023

(لاہور نیوز) ڈینگی وائرس کا پھیلاؤ رک نہ سکا۔ لاہور میں ڈینگی کے 42 نئے مریض رپورٹ ہوئے۔

ڈینگی کے ڈنک مزید تیز ہونے لگے۔ لاہور میں 24 گھنٹے کے دوران ڈینگی کے 42 نئے مریض سامنے آ گئے۔ صوبے بھر میں 121 نئے مریضوں میں ڈینگی بخار کی تصدیق ہوئی۔ رواں سال لاہور میں ڈینگی کے مجموعی کنفرم مریضوں کی تعداد 987 ہو چکی ہے۔ پنجاب بھر میں ڈینگی کے 2 ہزار 390 مریض رپورٹ ہو چکے ہیں۔ سیکرٹری صحت پنجاب علی جان نے کہا ہے کہ لاہور کے ہسپتالوں میں اس وقت ڈینگی کے 47 مریض زیر علاج ہیں۔ پنجاب بھر کے ہسپتالوں میں ڈینگی کے 111 مریض داخل ہیں۔ سرکاری ہسپتالوں میں ڈینگی مریضوں کے لئے 2 ہزار 678 بیڈ مختص ہیں۔ ڈینگی سے بچنے کے لئے شہری اپنے ماحول کو صاف اور خشک رکھیں۔ کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا کا کہنا ہے شہر میں 24 گھنٹے کے دوران 6 ہزار 999 پوائنٹس پر ڈینگی سپرے کیا گیا، شہری ڈینگی کی روک تھام کے لئے محکمہ صحت کی ٹیموں سے تعاون کریں۔