ریلوے سٹیشن پر سکیورٹی کے ناقص انتظامات، متعدد سی سی ٹی وی کیمرے خراب

09-14-2023

(لاہور نیوز) لاہور ریلوے سٹیشن کی سکیورٹی کا اللہ ہی حافظ، سکیورٹی کے ناقص انتظامات، سی سی ٹی وی کیمرے اور لیگیج سکینر خراب، نشاندہی کے باوجود سکیورٹی آلات ٹھیک نہ کروائے جا سکے۔

ریلوے لاہور ڈویژن انتظامیہ کی مبینہ غفلت سامنے آگئی، لاہور ریلوے سٹیشن پر انتہائی ناقص سکیورٹی انتظامات کا انکشاف ہوا ہے، سی سی ٹی وی کیمرے اور لیگیج سکینر کئی برسوں سے خراب ہیں مگر ریلوے انتظامیہ اور  پولیس سکیورٹی آلات کو ٹھیک کرانے سے قاصر ہے۔ ذرائع کے مطابق لاہور ریلوے سٹیشن پر 47 سی سی ٹی وی کیمرے اور 3 لیگیج سکینر نصب ہیں جن میں سے40  سے زائد  سی سی ٹی وی کیمرے خراب ہیں جبکہ 2  لیگیج سکینر بھی جواب دے چکے  ہیں، نشاندہی کے باوجود تاحال  سی سی ٹی وی کیمروں کو فعال نہیں کیا جا سکا۔ خراب کیمرے مسافروں کیلئے وبال جان بن گئے ہیں، سامان گم یا چوری ہونے پر ریلوے پولیس کو کوئی ریکارڈ ہی نہیں ملتا۔ اس حوالے سے ایس پی ریلوے پولیس لاہور ڈویژن رانا افتخار کا کہنا ہے کہ لاہور ریلوے سٹیشن پر 62 جدید کیمرے نصب کیے جائیں گے،  ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ لاہور کو صورتحال سے آگاہ  کر دیا ہے۔