ذخیرہ اندوزوں کیخلاف کریک ڈاؤن سے چینی کی قیمت میں کمی
09-14-2023
(ویب ڈیسک) ملک کے مختلف شہروں میں ذخیرہ اندوزوں کے خلاف حکومتی کریک ڈاؤن کے بعد فی کلو چینی کی قیمت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
کراچی کی ہول سیل مارکیٹ میں چینی کی قیمت مزید کمی کے بعد 152 روپے کلو پر آ گئی ہے، 10 روز کے دوران ہول سیل میں چینی کی قیمت 26 روپے کلو کم ہو چکی ہے۔ اس کے علاوہ ریٹیل میں چینی کی قیمت 160 روپے کلو پر آ گئی ہے، 10 روز میں فی کلو چینی کا بھاؤ 30 روپے کم ہوا ہے۔ دوسری جانب پشاور میں بھی چینی کی قیمت میں واضح کمی آنے لگی ہے، فی کلو چینی کی قیمت 190 سے کم ہو کر 160 روپے تک ہو گئی۔ دکانداروں کے مطابق ذخیرہ اندوزی کے باعث چینی مہنگی ہوئی تھی جب کہ شہریوں نے چینی کی قیمت میں کمی کے بعد دیگر اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں بھی کمی کا مطالبہ کر دیا۔