مستونگ دھماکہ: سیاسی رہنماؤں کا اظہار مذمت

09-14-2023

(ویب ڈیسک) بلوچستان کے ضلع مستونگ میں ہونے والے دھماکے کی سیاسی رہنماؤں کی جانب سے شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ہے۔

سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان نے حافظ حمداللہ پر ہونے والے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور حافظ حمداللہ سمیت دیگر زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی میں ملوث عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں، صوبائی نگران حکومت اس افسوس ناک واقعہ کے ذمہ داران کو کیفر کردار تک پہنچائے، جے یو آئی کے قائدین پر انتخابات سے قبل اس طرح کے حملے کسی صورت میں قابل قبول نہیں۔ سابق وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان کے ضلع مستونگ میں دھماکے کی شدید مذمت کی، سابق وزیر اعظم نے پی ڈی ایم کے ترجمان حافظ حمد اللہ کے دھماکے میں زخمی ہونے پر تشویش اور تمام زخمیوں کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ دہشت گرد ہر محب وطن کو نشانہ بنا رہے ہیں، پورا پاکستان دہشت گردی کے خاتمے کے لئے متحد ہے۔ سابق صدر آصف علی زرداری نے بھی مستونگ بم دھماکے کی مذمت کی اور دھماکےمیں حافظ حمداللہ سمیت تمام زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی، انہوں نے مطالبہ کیا کہ دہشتگردی میں ملوث عناصر اورسہولت کاروں کوقانون کی گرفت میں لایا جائے۔ گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ بم دھماکہ امن و امان تباہ کرنے کی سازش ہے، زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعا گو ہوں۔