جلاؤ گھیراؤ کیس، یاسمین راشد 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل

09-14-2023

(لاہور نیوز) انسداد دہشت گردی عدالت نے جلاؤ گھیراؤ کیس میں گرفتار پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد کو جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا۔

پولیس نے شیر پاؤ پل پر اشتعال انگیز تقریر اور جلاؤ گھیراؤ کے مقدمہ میں گرفتار ڈاکٹر یاسمین راشد کو پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر عدالت میں پیش کیا، انسداد دہشت گردی عدالت کی جج عبہر گل خان نے مقدمہ کی سماعت کی۔ پولیس کیجانب سے رہنما تحریک انصاف کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا نہیں کی گئی جس پر عدالت نے سابق صوبائی وزیر کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا اور 28 ستمبر کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا۔ خیال رہے کہ تھانہ سرور روڈ پولیس نے ڈاکٹر یاسمین راشد اور دیگر کیخلاف مقدمہ بغاوت  اور عوام کو فسادات پر اکسانے کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کررکھا ہے۔