پی ایس ایل کا انعقاد کب ہوگا؟ 25 ستمبر کو مشاورتی اجلاس طلب

09-14-2023

(ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے نویں ایڈیشن کا آغاز کب سے ہوگا؟ بورڈ حکام اور فرنچائزز 25 ستمبر کی میٹنگ میں سرجوڑ کر بیٹھیں گے۔

نئی مینجمنٹ کمیٹی کے تحت پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) گورننگ کونسل کا پہلا اجلاس 25 ستمبر کو ہوگا، بیشتر ٹیم اونرز ملک سے باہر ہونے کی وجہ سے ویڈیو لنک سے دستیاب ہوں گے، سب سے اہم بات نویں ایڈیشن کی تاریخیں ہیں، اب تک ان کا فیصلہ نہیں ہوسکا، آئندہ سال کے اوائل میں اگر ملک میں عام انتخابات ہوئے تو لیگ کا انعقاد یو اے ای میں کرنے کی تجویز بھی موجود ہے۔ آئندہ سال دیگر ٹی20 لیگز کی وجہ سے ویسے ہی ونڈو تلاش کرنا سخت دشوار ثابت ہوسکتا ہے، ٹیموں کی خواہش ہے کہ جلد از جلد شیڈول کو فائنل کرلیا جائے۔ میٹنگ میں آٹھویں ایڈیشن کے اکاؤنٹس پر بھی بات کی جائے گی، فرنچائزز بعض سپورٹنگ دستاویزات بھی طلب کرنے کاارادہ رکھتی ہیں، نویں ٹورنامنٹ کی فیس واجب الادا ہونے والی ہے، اس حوالے سے بھی یاد دہانی کرائی جائے گی۔ فرنچائز اونرز کی بورڈ کے سربراہ ذکا اشرف سے پہلی ملاقات ہوگی، جس میں لیگ کے حوالے سے اہم معاملات پر فیصلے کیے جائیں گے۔ مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ دسویں ایڈیشن تک ٹیموں کی تعداد بڑھانے کے حق میں نہیں ہیں،موجودہ فرنچائزز بھی یہی چاہتی ہیں۔ واضح رہے کہ حال ہی میں صہیب شیخ کا بطور ڈائریکٹر پی ایس ایل تقرر کیا گیا ہے، ابھی یہ واضح نہیں کہ ان کے آنے سے لیگ کمشنر نائلہ بھٹی کی پوزیشن کیا ہوگی۔