ایشیا کپ: پاکستان اور سری لنکا کے اہم میچ میں بھی بارش کا خدشہ

09-14-2023

(ویب ڈیسک) ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان آج ہونے والے اہم میچ میں بھی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان آج کولمبو میں ایشیا کپ کا اہم میچ کھیلا جانا ہے، یہ میچ اس لیے زیادہ اہمیت کا حامل ہے کیوں کہ یہ سیمی فائنل کی صورت اختیار کرگیا ہے، اس میچ میں جیتنے والی ٹیم فائنل میں کوالیفائی کرے گی جہاں اس کا مقابلہ بھارت سے ہوگا۔ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ہونے والے اہم میچ میں وقفے، وقفے سے بارش ہونے کا امکان ہے۔ موسمیات کی متعدد ویب سائٹس اور محکمہ موسمیات سری لنکا نے 14 ستمبر کو بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ محکمہ موسمیات نے پاکستان کے میچ کے دوران تین مرتبہ بارش کی پیش گوئی کی ہے، دوپہر، شام اور رات کے اوقات میں وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان میچ آج 14 ستمبر کو پاکستانی وقت کے مطابق ڈھائی بجے شروع ہوگا۔ بارش کی وجہ سے میچ نہ ہوا تو کیا ہوگا؟ سوال یہ ہے کہ اگر پاکستان اور سری لنکا کے میچ کے دوران بارش ہوگئی اور میچ نہ ہوسکا تو کون سی ٹیم فائنل تک رسائی حاصل کرے گی؟ پوائنٹس ٹیبل کو دیکھا جائے توبھارت فائنل کے لیے کوالیفائی کرچکا ہے جبکہ بنگلادیش اس ریس سے باہر ہوچکا ہے، سری لنکا اور پاکستان کے دو دو پوائنٹس ہیں۔ اگر میچ کے دوران مسلسل بارش کا سلسلہ جاری رہا اور میچ نہ ہوسکا تو پاکستان اور سری لنکا کو ایک ایک پوائنٹ ملے گا، اس طرح دونوں کے تین تین پوائنٹس ہوجائیں گے لیکن بہتر رن ریٹ کی وجہ سے سری لنکا فائنل کے لیے کوالیفائی کرجائے گا۔ دوسری جانب سوشل میڈیا پر کچھ صارفین یہ سوال بھی اٹھا رہے ہیں کہ سیمی فائنل کی حیثیت کے باوجود سری لنکا اور پاکستان کے میچ کے لئے کوئی ریزرو ڈے کیوں نہیں رکھا گیا۔