صدر مملکت کی جانب سے انتخابات کی تاریخ کی تجویز پر آئی پی پی کا ردعمل آگیا
09-13-2023
(لاہور نیوز) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی جانب سے عام انتخابات کی تاریخ تجویز کیے جانے پر استحکام پاکستان پارٹی کا ردعمل بھی آگیا۔
آئی پی پی کی ترجمان ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے صدر علوی کی جانب سے انتخابات کی تاریخ کی تجویز پر ردعمل میں کہا ہے کہ ملک کے سپریم آفس کی جانب سے ایک بار پھر عوام کو تقسیم کرنے کی کوشش کی گئی ہے، صدر مملکت کی جانب سے انتہائی عجلت میں انتخابات کی تاریخ تجویز کی گئی ہے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ صدر کا یہ عمل الیکشن کمیشن کے آئینی دائرہ اختیار میں مداخلت ہے، اوور ڈیٹڈ پریزیڈنٹ کی اوور ڈیٹڈ ایڈوائس ملکی بدنامی کا باعث ہے، زائد المعیاد صدر کی تجاویز بھی ایکسپائری ڈیٹ کی حامل ہیں، انتشار پارٹی کی واحد باقیات اب روڑے اٹکا کر حق نمک ادا کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئی حلقہ بندیوں کے بغیر انتخابات کی تاریخ تجویز کرنا سیاسی عدم استحکام کا باعث ہے، افسوس ہے کہ ایوان صدر ایک پارٹی ورکر کی وجہ سے بے قدر ہو رہا ہے، صدر ذاتی انا اور ہٹ دھرمی کا شکار ہو چکے ہیں جو ان کے عہدے کے منافی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن اور ایوان صدر کے آمنے سامنے آنے سے حالات گھمبیر ہو جائیں گے،پوری دنیا میں غیر مستحکم نظام جمہوریت کا پیغام جائے گا۔