سہولیات اور فنڈز زیادہ مگر کارکردگی میں لاہور بورڈ کا پانچواں نمبر

09-13-2023

(لاہور نیوز) سہولیات اور فنڈز زیادہ مگر تعلیمی کارکردگی کے لحاظ سے لاہور صوبہ بھر کے تعلیمی بورڈز میں پانچوں نمبر ہے، انٹرمیڈیٹ پارٹ ٹو کے سالانہ نتائج میں ڈی جی خان ڈویژن پہلے نمبر پر رہا۔

لاہور سمیت صوبہ بھر کے تعلیمی بورڈز کی جانب سے انٹرمیڈیٹ پارٹ ٹو کے سالانہ نتائج کا اعلان کردیا گیا، ڈی جی خان بورڈ کارکردگی کے لحاظ سے صوبہ بھر میں پہلے نمبر پر رہا، ڈی جی خان بورڈ میں کامیابی کا تناسب 66 فیصد سے زیادہ رہا۔ فیصل باد بورڈ 65 فیصد سے زیادہ کامیابی کے تناسب سے دوسرے نمبر پر رہا جبکہ ملتان بورڈ 63 فیصد کامیابی کے تناسب سے تیسرے نمبر پر رہا۔ کارکردگی کے اعتبار سے لاہور بورڈ کا صوبہ بھر میں پانچواں نمبر رہا، لاہور بورڈ میں کامیابی کا تناسب 58 فیصد سے زیادہ رہا، لاہور بورڈ میں انٹرمیڈیٹ پارٹ ٹو کے امتحانات میں 1 لاکھ 86 ہزار امیدواروں نے شرکت کی تاہم 1 لاکھ 9 ہزار 4 سو 67 طلبا پاس ہوئے۔