تقرریوں و تبادلوں سے متعلق پیپلز پارٹی کا اعتراض بلاجواز، سیاسی بیانیہ ہے: رانا ثناء اللہ

09-13-2023

(لاہور نیوز) مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ الیکشن سے قبل ٹرانسفر پوسٹنگ ہوتی ہے، پیپلزپارٹی کا اعتراض بلاجواز ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ن لیگی رہنما رانا ثناء اللہ نے کہا کہ آئین کے مطابق الیکشن جنوری کے آخری ہفتے یا فروری کے پہلے ہفتے میں ہوں گے، حلقہ بندیوں کا عمل 30 نومبر تک مکمل ہو رہا ہے، اس کے بعد الیکشن یقینی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قانونی رائے کے تحت نواز شریف کی نا اہلی ختم ہو چکی ہے، جہاں تک سزا کا تعلق ہے تو نوازشریف کے خلاف کمزور کیس ہے، نواز شریف اپنی سزا کے خلاف نظر ثانی اپیل دائر کریں گے اور وہ بری ہو جائیں گے۔ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پوسٹنگ ٹرانسفر اس وقت ہوئی جب نگران سیٹ اپ بنا تھا، تقرریاں اور تبادلے نگران سیٹ اپ آکر کرتا ہے، اب کیسے خیال آگیا کہ تقرر و تبادلے کسی کے کہنے پر ہو رہے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ جب الیکشن قریب ہوں تو سیاسی بیانیے بنائے جاتے ہیں، پیپلز پارٹی والے سیاسی بیانیے کے طور پر ان چیزوں کو اپنائیں گے لیکن ان میں کوئی حقیقت نہیں۔ سابق وزیر داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ عام انتخابات حلقہ بندیوں کے بعد ہی ہوں گے، حلقہ بندیوں کا عمل شروع ہونے کے بعد صدر انتخابات کی تاریخ کا اعلان نہیں کرسکتے۔