چینی، مرغی، انڈے اور دالوں کی قیمت میں بڑی کمی، ڈبل روٹی مہنگی

09-13-2023

(ویب ڈیسک) چینی، مرغی، انڈے اور دالوں کی قیمت میں بڑی کمی دیکھنے میں آئی ہے جبکہ ڈبل روٹی مزید مہنگی ہو گئی ہے۔

مارکیٹ ذرائع کے مطابق لاہور میں مرغی کےگوشت کی قیمت میں کمی ہوئی اور مرغی کا گوشت 498 روپے فی کلو میں دستیاب ہے۔ مارکیٹ ذرائع کا بتانا ہے کہ مرغی کے گوشت کی قیمت میں چند روز میں 70 روپے کی کمی ہوئی ہے جبکہ لاہور میں ایک درجن انڈوں کی قیمت میں بھی 18 روپے کی کمی ہوئی ہے جو 285 روپے میں دستیاب ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ہول سیل مارکیٹ میں چینی بھی 159 روپے کلو میں فروخت ہو رہی ہے جبکہ پرچون میں چینی 166 سے 170 روپے فی کلو میں دستیاب ہے۔ مارکیٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ چند روز میں چنے اور دال ماش کی فی کلو قیمت 30 روپے کم ہوئی ہے جبکہ بڑی ڈبل روٹی 10 روپے اضافے کے بعد 230 روپے اور چھوٹی ڈبل روٹی 10 روپے مہنگی ہونے کے بعد 130 روپے کی ہوگئی ہے۔ یاد رہے کہ چینی کی سمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی کے باعث چند روز قبل ملک بھر میں چینی کی قیمت 200 روپے سے بھی اوپر چلی گئی تھی اور مختلف شہروں میں مرغی کا گوشت 600 سے ساڑھے 600 روپے کلو جبکہ انڈے 300 روپے فی درجن میں دستیاب تھے۔