ویرات کوہلی لٹل ماسٹر سچن ٹنڈلکر کو بہت پیچھے چھوڑ جائینگے: وقار یونس

09-13-2023

(ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور فاسٹ بولر وقار یونس نے بھارتی ٹیم کے سابق کپتان ویرات کوہلی سے متعلق ایک دعویٰ کیا ہے۔

ویرات کوہلی نے ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں پاکستان کے خلاف 122 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی اور انجری کے بعد ٹیم میں واپس آنے والے کے ایل راہول کے ساتھ مل کر تیسری وکٹ کے لیے 233 رنز کی شراکت قائم کی۔ بھارت کی رنز مشین ویرات کوہلی نے پاکستان کے خلاف میچ میں ناصرف اپنی 47 ویں سنچری مکمل کی بلکہ وہ سب سے کم 267 اننگز میں 13000 رنز مکمل کرنے والے کھلاڑی بھی بن گئے۔ ویرات کوہلی بھارت کے سابق کپتان لٹل ماسٹر سچن ٹنڈولکر سے صرف 2 سنچریاں پیچھے ہیں، سچن ٹنڈولکر نے ون ڈے انٹرنیشنل میں 49 سنچریاں سکور کیں جو کہ اب تک کسی بھی بیٹر کی جانب سے ایک روزہ کرکٹ میں سب سے زیادہ تعداد ہے۔ اس حوالے سے سابق فاسٹ بولر وقار یونس نے کہا کہ ویرات کوہلی اور دیگر کھلاڑیوں حتیٰ کہ سچن ٹنڈولکر میں یہ فرق ہے کہ جب ٹنڈولکر نے کیرئیر ختم کیا تو ان کے اکاؤنٹ میں 49 سنچریاں تھیں لیکن میں دعوے سے کہہ سکتا ہوں کہ ابھی ویرات کوہلی کا کیریئر ختم ہونے سے بہت دور ہے اور وہ اتنی زیادہ سنچریاں سکور کر لیں گے کہ جتنی کوئی اور سوچ سکتا ہے۔ وقار یونس نے پاکستان کے خلاف کم بیک کرنے والے کے ایل راہول سے معذرت کرتے ہوئے کہا آپ ایسے شخص کے ساتھ بیٹنگ کر رہے تھے جو پاگلوں کی طرح رنز لیتا ہے، کوئی سنگل مس نہیں کرتا، جو بیٹنگ، فیلڈنگ اور وکٹوں کے درمیان رنز بھاگتے ہوئے بہترین بننا چاہتا ہے اور جو اپنی فٹنس سے بہت پیار کرتا ہے۔