او جی ڈی سی ایل کا ناشپا-11 کنویں سے تیل اور گیس کے ذخائر کی پیداوار کا اعلان

09-12-2023

(لاہور نیوز) او جی ڈی سی ایل نے خیبر پختونخوا میں ناشپا -11 کنویں سے تیل اور گیس کے ذخائر کی پیداوار کا اعلان کردیا۔

آئل اینڈ گیس ڈیویلپمنٹ کمپنی ( او جی ڈی سی ایل) کے مطابق ناشپا-11 کنویں سے 830 بیرل یومیہ خام تیل اور 1.0ملین سٹینڈرڈ کیوبک فٹ یومیہ گیس کی پیداوار شروع کردی گئی ہے۔ترجمان او جی ڈی سی ایل کا کہنا ہے کہ ناشپا -11 کنویں کی 4485 میٹرز گہرائی تک کھدائی کی گئی ،کمپنی کنویں کے 56.45 فیصد شئیرز کے ساتھ بطور آپریٹر کام کر رہی ہے۔ ناشپا-11 کنویں سے حاصل ہونے والی1.0 ایم ایم ایس سی ایف ڈی گیس کو ایس این جی پی ایل کے نیٹ ورک میں شامل کر دیا گیا، ناشپا سٹرکچر میں 2009 میں تیل و گیس کی کھدائی کا آغاز کیا گیا۔ ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ او جی ڈی سی ایل اس وقت ناشپا سٹرکچر سے کل 10 کنووں سے یومیہ 11300 بیرل خام تیل حاصل کررہا ہے، ان کنووں سے 91 ایم ایم ایس سی ایف ڈی گیس اور 395 میٹرک ٹن ایل پی جی کی پیداوار حاصل کی جارہی ہے۔